وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے ملتان میں پاکستان کی اپنی نوعیت کی پہلی پولیس موبائل خدمت مرکز وین کا افتتاح کردیا ہے

Friday, March 15, 2019

ملتان 14مارچ2019 (    ) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے ملتان میں پاکستان کی اپنی نوعیت کی پہلی پولیس موبائل خدمت مرکز وین کا افتتاح کردیا ہے۔ اس وین میں شہریوں کو پولیس سے متعلق 13سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ یہ وین شہر کے مختلف اہم مقامات پر سٹیشن کی جائے گی اور اس کا ماہانہ شیڈول جاری کیا جائے گا تاکہ عوام کو ان کی دہلیز پر پولیس سے متعلقہ سہولیات فراہم کی جاسکیں۔ صوبائی وزیرتوانائی ڈاکٹر اختر ملک اور ممبر قومی اسمبلی زین قریشی بھی اس موقع پر موجود تھے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے افتتاح کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ملتان کو فراہم کی جانے والی وین صوبہ کے تمام اضلاع کو فراہم کی جائے گی تاکہ عوام پولیس سے متعلق کاموں کے لئے دوردراز کا سفر نہ کرنا پڑے اور ان کا وقت ضائع نہ ہو۔ انہوںنے کہا کہ پنجاب پولیس کو جدید خطوط پر استوار کیاجارہا ہے اور اسے جدید دور کے تقاضوں کے مطابق انفارمیشن ٹیکنالوجی سے لیس کیا جارہا ہے۔ اس اقدام سے نہ صرف عوام کو سہولیات میسر آئیں گی بلکہ جرائم پر قابو پانے میں بھی مدد ملے گی۔انہوں نے کہا کہ پولیس کلچر کو تبدیل کرنے کے لئے پلان پر عمل جاری ہے ،ماڈل پولیس اسٹیشن قائم کئے جارہے ہیں۔ سردار عثمان بزدار نے کہا کہ امن و امان کی صورت حال کو بہتر بنانے کے لئے پولیس میں بھرتیاں کی جارہی ہیں اور ٹریننگ کالجز اور سنٹرز کے نصاب میں بھی جدت لائی جارہی ہے۔ ملتان میں قائم پولیس ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ کو اپ گریڈ کر کے اسے کالج کا درجہ دے دیا گیا ہے اور اب کالج کمانڈنٹ کے عہدے پر ڈی آئی جی کے عہدے کا آفیسر تعینات کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس شہریوں سے اپنے رویے میں بہتری لائے تاکہ پولیس ڈیپارٹمنٹ کے وقار میں مزید اضافہ کیا جاسکے۔

آر پی او ملتان وسیم احمد سیال نے اس موقع پر بریفنگ دیتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب کو بتایا کہ موبائل وین میں شہریوں کو 13سہولیات فراہم کی جائیں گی جس میں وہیکل کلیئرنس سرٹیفکیٹ، گمشدگی دستاویزات، کریکٹر سرٹیفکیٹ، جنرل پولیس ویری فکیشن، ایف آئی آر کی کاپی، ڈرائیونگ لرنر پرنٹ، تجدید ڈرائیونگ لائسنس، بین الاضلاعی ڈرائیونگ لائسنس، انٹرنیشنل ڈرائیونگ لائسنس، اندراج کرایہ داران، اندراج گھریلو ملازمین، جرم کی اطلاع اور قانونی رہنمائی خلاف تشدد خواتین شامل ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ وین تمام پولیس اسٹیشنز کے ساتھ لنک ہوگی اور اسے ضلع کے اہم مقامات پر اسٹیشن کیا جائے گا جس کا ماہانہ شیڈول جاری کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ پولیس خدمت مرکز وین کا شیڈول نادرا کی وین کے ساتھ تربیت دیا جائے گا تاکہ ڈیٹا کے حصول کے لئے آسانی رہے۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے اپنے ڈرائیونگ لائسنس کی تجدید بھی کرائی۔